ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / آئندہ دنوں میں بہت سارے عوامی کام کئے جائیں گے : بھٹکل میں ایم پی آننت کمار ہیگڈی کا دعویٰ

آئندہ دنوں میں بہت سارے عوامی کام کئے جائیں گے : بھٹکل میں ایم پی آننت کمار ہیگڈی کا دعویٰ

Fri, 07 Jul 2017 20:24:19    S.O. News Service

بھٹکل:7/جولائی (ایس اؤنیوز)اٹل بہاری واجپئی جب وزیر اعظم بنے تھے تو ملک کا نقشہ بدل گیا تھا، یو پی اے کے مرکزی حکومت کی طرف سے جاری کئے جانے والے منصوبے مستحقین تک نہیں پہنچتے تھے ، لیکن مودی حکومت میں جیسا بولا جاتاہے ویسا ہی ہوتاہے، یہاں دلالوں کو موقع نہیں مل رہا ہے، اس سے زیادہ اچھے دن اورکیا چاہئے؟پوری دنیا  مودی کو اعلیٰ وزیر اعظم تسلیم کرتے ہوئے اُن کی تعریف کررہی ہے، لیکن نام نہاد مفکراور روشن خیالوں کو یہ سب کچھ ہضم  نہیں ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اترکینرا کے رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے نے کیا۔

وہ یہاں جمعہ کو کملا بائی رام ناتھ شانبھاگ ہال میں منعقدہ پکوان گیس تقسیم کاری پروگرام کا افتتاح کرنےکے بعد خطاب کررہے تھے۔ اپنے جارحانہ خطاب میں انہوں نے کہاکہ یوپی اے کی حکومت کے دوران روپئے دینے پر بھی گیس ، فون کا کنکشن نہیں ملتاتھا ، اب ایسا نہیں ہے سب کچھ مفت میں غریبوں کے گھر پہنچانے کا کام ہورہاہے۔ وزیر اعظم مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

ایم پی نے گزرے ہوئے تین سالوں میں کیا کچھ ہواہے اس پر روشنی ڈالنے کے بجائے اگلے سالوں میں کیا کچھ ہونے والا ہے اسی پر زور دیتے ہوئے کہاکہ آئندہ دنوں میں ہردیہات دھوئیں سے نجات پائے گا، قریہ قریہ ڈیجٹل انڈیا پہنچے گا، آئندہ لوگوں کو ضروری دستاویزات کے لئے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ انہوں نے ایک اچھنبے کی بات یہ بھی کہی کہ ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کردہ انابھاگیا اسکیم کو 90فی صدچاول مرکزی حکومت سے سپلائی کی جاتی ہے لیکن ریاستی حکومت اپنا منصوبہ بتاکر تشہیربازی میں مصروف ہے۔

پکوان گیس تقسیم کاری اترکنڑا ضلع کے نوڈل افسر ابھیجیت راؤ نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ ضلع پکوان گیس تقسیم کار سنگھا کے صدر بسوراج اوشی مٹھ نے استقبال کیا۔ انڈین آئیل کارپوریشن کے آفیسر پی وی آر بھارگوؤ ، ضلع صحت عامہ کے نائب ڈائرکٹر رگھوناتھ، تحصیلدار وی این باڈکر وغیرہ ڈائس پر موجود تھے۔ پکوان گیس تقسیم کار سنگھا کے ضلعی سکریٹری وجئے کمار نائک نے شکریہ اداکیا۔ پرسنا پربھو نے نظامت کی ۔ ضلع کے مختلف مقامات سے آئے ہوئے مستحقین بھی پروگرام میں شریک تھے۔


Share: